صدر ہندوستان کا پولیس کی چوکسی، حساسیت اور دیانت پر زور
ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو نے ملک کے اتحاد کو برقرار رکھنے میں ہندوستانی پولیس کے کردار کو سراہا ہے۔
ہندوستان کے سرکاری خبر رسان ایجنسی یو این آئے کے مطابق ہندوستان کے شہر حیدر آباد میں آئرن مین آف انڈیا کہلانے والے سابق نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی میں انڈین پولیس سروس کے پروبیشنرز کے چوہترویں بیچ سے خطاب کیا۔
اس موقع پر ہندوستانی صدر نے مرمو نے کہا کہ ہزاروں بہادر پولیس اہلکاروں نے ہندوستان کی داخلی سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ سابق صدر ڈاکٹر راجیندر پرساد نے لکھا تھاکہ "آج کا ہندوستان سوچنے اور بات کرنے کے لیے تیار ہے، جو بڑی حد تک سردار پٹیل کی پالیسی اور مضبوط انتظامیہ کی طاقت سے ممکن ہوا ہے۔"
انہوں نے تمام ہندوستانی شہریوں کی طرف سے 'ہندوستان کے مرد آہن' سردار پٹیل کے تئیں اظہار تشکر بھی کیا۔
صدرِ ہندوستان نے کہا کہ جب پولیس عوام کا اعتماد جیتتی ہے تو حکومت کی ساکھ بہتر ہوتی ہے اور پولیس میں عزت اور اعتماد تبھی بڑھتا ہے جب وہ اوپر سے لے کر نیچے تک سبھی عہدوں پر اور آخری کانسٹیبل تک، چوکسی، حساسیت اور دیانت کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے سائبر کرائم اور سوشل میڈیا سے متعلق مسائل پر نئے چیلنجز کے حوالے سے بھی اپنی تشویش ظاہر کی اور ہائی ٹیک جرائم سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کی ضرورتپر زور دیا۔
ہندوستان کی صدر نے پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ آپ کو یہ بات یقینی بنانا ہوگی کہ ملک کے دور دراز کونے میں رہنے والے ایک ناخواندہ غریب کو مقامی پولیس چوکی پر ہمدردانہ مدد ملے گی۔