نوٹ بندی کے خلاف عرضیاں اکثریتی فیصلے سے خارج
ہندوستانی سپریم کورٹ نے نوٹ بندی کے خلاف عرضیوں کو اکثریتی فیصلے سے خارج کر دیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی سپریم کورٹ کی پانچ رکنی آئینی بینچ نے نوٹ بندی کے خلاف اپیلوں کو چار ایک سے خارج کردیا۔ نوٹ بندی کے خلاف عرضیوں کی سماعت کے لئے ہندوستانی سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بینچ جسٹس ایس عبدالنظیر کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا تھا ۔ بینچ نے اس کیس کی سماعت کے بعد سات دسمبر کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو پیر دو جنوری کو سنایا گیا۔
چارججوں نے اپیلوں کو خارج کرنے کا فیصلہ دیا جبکہ بینچ کے ایک رکن جسٹس ناگ رتن نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نوٹ بندی گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے نہیں بلکہ قانون سازی کے ذریعے ہونی چاہئے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کی مرکزی حکومت نے دو ہزار سولہ میں اچانک پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹ بند کرنے کا فرمان جاری کر کے پورے ملک میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ نوٹ بندی کے اثرات میں ہندوستان کے عوام کئی برس تک گرفتار رہے۔