اپوزیشن کا ہنگامہ، راجیہ سبھا کی کارروائی مارچ تک ملتوی
ہندوستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ میں اپوزیشن کے ہنگامے کے بعد ایوان کی کارروائی تیرہ مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریسی رکن پارلیمنٹ، رجنی پاٹل کی ایوان سے معطلی اور ہنڈنبرگ رپورٹ پر، اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کے درمیان راجیہ سبھا کی کارروائی، تیرہ مارچ تک ملتوی کردی گئی اور اس کے ساتھ ہی راجیہ سبھا میں بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ بھی ختم ہوگیا۔
راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھن کڑ نے وقفہ سوالات کے آغاز کے ساتھ ہی ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
پہلے انہوں نے وقفہ سوالات چلانے کی کوشش کی لیکن کانگریس کے ارکان نے ہنڈنبرگ رپورٹ اور رکن پارلیمنٹ رجنی پاٹل کی معطلی کے معاملے پر بحث کرانی چاہی اور پھر ہنگامہ شروع ہوگیا۔
راجیہ سبھا کے چیئرمین نے الزام لگایا کہ اپوزیشن، ایوان کی کارروائی چلانے میں تعاون نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ اراکین عوامی توقعات کے مطابق کام کریں لیکن اپوزیشن ارکان، بدستور نعرے بازی کرتے رہے۔