ہندوستان کی دو اہم ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج واضح
ہندوستان کی دو اہم ریاستوں مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے نتائج واضح ہو گئے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان:ہندوستانی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا میں بی جے پی کی قیادت والا مہایوتی اتحاد دوسو اٹھاسی میں سے دوسو پینتیس نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہا جبکہ ریاست جھارکھنڈ میں بی جے پی کو پچھاڑتے ہوئے جے ایم ایم کی قیادت والے انڈیا اتحاد نے بازی مار لی ہے اور کُل اکیاسی نشستوں میں سے چھپن پر اپنا قبضہ جما لیا۔
مہاراشٹرا میں بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کی جیت پر وزیر اعظم سمیت پارٹی کے بڑے رہنماؤں نے ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا کہ مہاراشٹر میں ترقی اور اچھی حکمرانی کی جیت ہوئی ہے، مہاراشٹر میں حقیقی سماجی انصاف کی جیت ہوئی ہے، جبکہ کانگریس پارٹی نے اپنی شکست کو عوام نہیں بلکہ حکومت کا دیا ہوا جھٹکا بتایا۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں ایم وی اے کی خراب کارکردگی پر کانگریس نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے نتائج کو ناقابل یقین بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں جھٹکا ضرور لگا ہے مگر یہ جھٹکا سازش کے تحت دیا گیا ہے۔
اُدھر جھارکھنڈ میں جے ایم ایم اور کانگریس کے اتحاد نے اپنی کامیابی پر اُسے بی جے پی نفرت انگیز سیاست کی شکست سے تعبیر کیا ہے۔