سی بی آئی سے منیش سیسودیا کی درخواست
Feb ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۴ Asia/Tehran
دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی سے درخواست کی ہے کہ اکسائز پالیسی کے بارے میں ان سے تفتیش بجٹ کی تیاری کے بعد کی جائے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی یو این آئی کے مطابق دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے بتایا کہ انہیں سنیچر کو سی بی آئی کا ایک سمن موصول ہوا ہے جس کےذریعے انہیں اکسائز پالیسی کیس میں تفتیش کے لئے طلب کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ چونکہ دہلی کی وزات خزانہ کا قلمدان بھی ان کے پاس ہے اور وہ بجٹ کی تیاری میں مصروف ہیں، اس لئے سی بی آئی سے درخواست کی گئی ہے کہ ان سے تفتیش فی الحال ملتوی کی جائے تاکہ وہ بجٹ تیار کر سکیں ۔ انھوں نے کہا کہ انہیں فروری کے اختتام تک بجٹ تیار کرنا ہے اس لئے وہ کافی مصروف ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے تفتیش میں ہمیشہ تعاون کیا ہے اور بجٹ کی تیاری کے بعد جب بھی سی بی آئی بلائے وہ جانے کے لئےتیار ہیں۔
دہلی کے نائب وزیر اعلی نے اسی کے ساتھ مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ان پر دباؤ ڈالنے کے لئے سی بی آئی اور ای ڈی کی پوری طاقت استعمال کرلی، ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے بینک کے لاکر کی تلاشی لی گئی لیکن انہیں کچھ بھی نہ مل سکا۔
انھوں نے کہا کہ سارے دباؤ کا اصل مقصد انہیں کام سے روکنا ہے۔