Feb ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۸ Asia/Tehran
  • زراعت میں نوجوانوں کی کم شرکت پر مودی کی تشویش

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی کم شرکت اور پرائیویٹ سیکٹر کے اختراعات اور سرمایہ کاری سے دور رہنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے بجٹ میں کئی اعلانات کیے گئے ہیں، جن کا فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: اپنے ایک خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ نوجوان زراعت کی اہمیت کو جانتے ہیں پھر بھی اس شعبے میں ان کی شرکت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بہت سے اعلانات کیے گئے ہیں جن کے مطابق بڑے بازاروں تک رسائی کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کے بعد ہمارے کسانوں نے نہ صرف ہمیں خود انحصار بنایا بلکہ ان کی وجہ سے آج ہندوستان کئی قسم کی زرعی مصنوعات برآمد کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا ہدف صرف چاول اور گندم کی برآمدات تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نے زراعت میں جوانوں کی شراکت داری میں کمی بات ایسی حالت میں کی ہے کہ کسانوں کو سہولتیں نہ دیئے جانے پر کسانوں نے مودی حکومت کے خلاف ہندوستان کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاجی دھرنا دیا تھا۔ غریب کسان، حکومت کی جانب سے ان کے قرضے معاف نہ کئے جانے سے بھی کافی ناراض رہے ہیں جبکہ ہندوستان کی حکومت اڈانی جیسے تاجروں کو ہر طرح کی سہولتیں دیتی رہی ہے جس پر ہندوستان میں اس وقت پارلیمنٹ تک میں ہنگامہ ہو رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان نے کانگریس کے دور حکومت میں زراعت کے شعبے میں قابل ذکر ترقی کی تھی جس کے نتائج کا آج بھی مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس