ہندوستان کے وزیر اعظم مودی کا اپوزیشن پر حملہ
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر سخت حملہ کرتے ہوئے اُس پر عوام کے ساتھ منافقت کی سیاست کرنے اور بی جے پی کو بدنام کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق تین شمال مشرقی ریاستوں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی مبینہ کامیابی کے بعد پارٹی کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے دہلی میں نیشنل ہیڈکوارٹر میں پارٹی کارکنوں کو خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'آج کے نتائج تمام بی جے پی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہیں اور اس الیکشن اور اسکے نتائج میں ملک اور دنیا کے لیے بہت سے پیغامات ہیں۔
نریندر مودی کا خیال تھا کہ پورا ملک بی جے پی کے ساتھ ہے اور آج اقلیتیں بھی بی جے پی کی حمایت کر رہی ہیں۔
ملک میں بی جے پی کے بڑھتے ہوئے سیاسی گراف کے تناظر میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پارٹی کی کامیابی کا راز بی جے پی حکومتوں کے کام، پارٹی کے ورک کلچر اور پارٹی کے کارکنوں کی خدمت کی خدمت میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعت کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ چھوٹی ریاستوں کی توہین کرتی ہے جبکہ بی جے پی مشکل چیزوں پر کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہا ’’آج کے نتائج کے بعد کانگریس نے ایک بار پھر چھوٹی ریاستوں کے تئیں اپنی نفرت کو بے نقاب کر دیا ہے، کانگریس کہہ رہی ہے کہ یہ چھوٹی ریاستیں ہیں، ان کے نتائج سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ جب دل میں ہندوستان کو جوڑنے کا جذبہ نہ ہو… تو ایسے الفاظ نکلتے ہیں۔