ہندوستانی کسانوں کی دہلی میں مہا پنچایت
ہندوستان کی کسان یونینوں کے متحدہ محاذ نے ایک بارپھر دہلی میں اجتماع کرکے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی دینے اور متنازعہ تینوں قوانین کو پوری طرح سے ختم کرنے کے اپنے وعدے پر عمل کرے
سحر نیوز/ ہندوستان:کسانوں کے متحدہ محاذ کی جانب سے دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک مہا پنچایت کا انعقاد کیا گیا جس میں کہا گیا حکومت متنازعہ زرعی قوانین کو پوری طرح ختم کردینے اور ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے ۔ کسانوں کی مہاپنچایت نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک اپنا وعدہ پورا نہیں کیا
کسانوں نے اسی طرح حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے قرضے فی الفور معاف کرے ۔ کسان رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئےتو وہ ایک بار پھر تحریک شروع کردیں گے - اس مہاپنچایت میں پورے ہندوستان سے کسان یونینوں کے نمائندوں نےشرکت کی ۔ کسان متحدہ محاذ نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ وہ ایم ایس پی پر قانونی گارنٹی کے اپنے مطالبے کے حق میں دہلی میں ایک مہاپنچایت کریں گے -کسانوں نے الزام لگایاکہ حکومت کسانوں کے مطالبات کے برخلاف اقدام کررہی ہے ۔ کسانوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ کسان تحریک کے دوران مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دے اور بجلی بل واپس لے اور کسانوں کو رعایتی قیمت پر بجلی فراہم کی جائے ۔ واضح رہے کہ دوسال قبل کسانوں نے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف اور ایم ایس پر گارنٹی کے مطالبے کے حق میں ایک سال سے زائد عرصے تک دہلی کی سرحدوں پر دھرنا دیا تھا