Apr ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ کی ریلی

ہندوستان کی حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک احتجاجی ترنگا ریلی نکالی

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے ہمارے نمائندے نے بتایا کہ جمعرات کو کانگریس پارٹی اور اس کی ہم خیال سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمان نے ترنگا ریلی میں مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت میں نعرے لگائے ۔
حزب اختلاف کے اراکین پارلیمان اس ترنگا ریلی میں اڈانی کی شیل کمپنی میں بیس ہزار کروڑ روپے کی بے نامی رقم کے بارے میں وزیراعظم مودی اور ان کی حکومت کو جواب دہ قرار دیا ۔
مارچ میں کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کے علاوہ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں اور اراکین پارلیمان نے شرکت کی ۔
ہندوستان کے حزب اختلاف کے اراکین پارلیمان کی ترنگا ریلی میں اڈانی معاملے کی تحقیق کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ کیا ۔
یاد رہے کہ حزب اختلاف کے اراکین حکومت سے اڈانی گھپلے کی تحقیق کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن حکومت نے اب تک یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیا ہے ۔
اپوزیشن اراکین نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے دوران بھی اس مسئلے کو اٹھایا اور اس پر بحث نیز مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ کیا ۔ اس مسئلے میں اپوزیشن کے ہنگاموں کے باعث جمعرات کو بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے آخری دن بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں معمول کی کارروائی نہ چل سکی ۔

ٹیگس