خالصتان کے حامی رہنما امرت پال سنگھ گرفتار
ہندوستان کی ریاست پنجاب میں امرت پال سنگھ کی گرفتاری کیلئے 4 روز سے انٹرنیٹ سروس بند تھی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق خالصتان کے حامی اور وارث پنجاب دے نامی تنظیم کے سربراہ امرت پال سنگھ کو اتوار کی صبح پنجاب کے ایک گاؤں کے گوردوارے سے گرفتار کیا گیا۔
امرت پال سنگھ کو ، ان کے روڈے گاؤں میں روپوش ہونے کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد پنجاب پولیس اور انٹیلیجنس ونگ کے ایک مشترکہ آپریشن میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن میں اس بات کا خیال رکھا گیا تھا کہ گوردوارے کی بے حرمتی نہ ہو اور ملزم کو باہر آنے پر مجبور کیا جائے۔ پنجاب پولیس کے آئی جی مسٹر گل نے صحافیوں کو بتایا کہ آپریشن اس طرح انجام دیا گیا کہ ریاست میں امن و امان کا ماحول خراب نہ ہونے پائے۔ خالصتان کے حامی علیحدگی پسند سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے حوالے سے ریاست پنجاب کے وزیر بھگونت مان سنگھ نے بغیر خون خرابے کے آپریشن کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔