ہندوستان: مولانا کی بیٹی، مدرسہ کی طالبہ، بورڈ امتحان میں شاندار مظاہرہ
ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں مدرسہ کی ایک مسلم طالبہ نے بورڈ کے امتحان میں ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ریاست اترپردیش میں دسویں اور بارہویں کلاس کے 2023 کے بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نتائج کے مطابق ایودھیا میں رہنے والی ایک مسلم طالبہ مشکوٰۃ نور نے دسویں کے بورڈ امتحان میں پوری ریاست میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس طالبہ نے 97 اعشاریہ 83 فی صد نمبر حاصل کئے ہیں۔ اس طرح مشکوٰۃ نور نے نہ صرف اپنے والدین اور آبائی شہر ایودھیا کا نام روشن کیا ہے بلکہ ریاست اترپردیش کے نام کو بھی روشن کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ذہین طالبہ مشکوۃ نور نے 600 میں سے 587 نمبر حاصل کئے ہیں۔ مشکوٰۃ نور کے والد ایک مدرسے میں پڑھاتے ہیں اور مساجد میں خطبہ دیتے ہیں۔ اس طالبہ نے آٹھویں جماعت تک ایک دینی مدرسے میں تعلیم حاصل کی اور آٹھویں کے بعد علاقے کے ایک کانوینٹ اسکول میں اس کا داخلہ کرا دیا گیا۔ مشکوۃ نے یہاں محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھی۔ طالبہ کو اپنی محنت کا پھل ملا اور شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس غیرمعمولی کامیابی پر نہ صرف مشکوٰۃ کے گھر والے بلکہ پورا اسکول طالبہ کی تعریف کر رہا ہے۔
ادھر مشکوٰۃ نور نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میں بہت خوش ہوں اور میں بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔ میں اپنی کامیابی کا سہرا اللہ کو دینا چاہتی ہوں۔ اس کے بعد اپنے والدین اور اساتذہ کو جنہوں نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔ مشکوٰۃ نور نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں۔