May ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • جمہوریت میں مثبت اور تعمیری بحث و مباحثے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے: ہندوستانی اسپیکر

ہندوستان کے اسپیکر نے جمہوریت میں مثبت اور تعمیری بحث مباحثے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں قانون سازی کے مسودے پر بارہ روزہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ قانون کا مسودہ شفاف، سلیس اور غیر مبہم ہونا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے لئے بلوں کا مسودہ تیار کرنے والوں کو آئین کی دفعات کے ساتھ ہی عصری مسائل سے بھی واقف ہونا چاہئے ۔

ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر نے قانون سازی کے ساتھ ہی ضابطہ سازی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مسودہ قانون تیار کرنے کے تربیتی پروگرام سے قانون سازی کے عمل میں مدد ملے گی ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ پارلیمنٹ میں بحث ومباحثے کو جمہوریت کا لازمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں تعمیری اور مثبت بحث ہونی چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ تعمیری اور مثبت بحث و مباحثے سے جمہوریت کی تقویت ہوگی ۔

ہندوستان کے اسپیکر مسٹر اوم برلا نے ایوان میں تعمیری بحث و مباحثے کی ضرورت پر ایسی حالت میں زور دیا ہے کہ ادھر چند برسوں سے ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تعمیری بحث ومباحثے کے بجائے نعرے بازی زیادہ دیکھنے کو ملتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں مسودہ قانون تیار کرنے کے بارہ روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کیا ۔ انھوں نے اپنے خطاب میں قانون سازی میں ملک کے آئین ، لوگوں کے رسم و رواج ، ثقافت ، تاریخی ورثے، طرز حکمرانی معاشرے کی نوعیت اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی نیز بین الاقوامی معاہدوں کو مد نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

ٹیگس