ہندوستان: کانگریس پارٹی کا بی جے پی حکومت پر کسان مخالف ہونے کا الزام
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے بی جے پی حکومت پر کسان مخالف ہونے کا الزام لگایا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان دیپیندر سنگھ ہڈا نے بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں، ہریانہ کے علاقے شاہ آباد میں کسان مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کی۔
انھوں نے کہا کہ شاہ آباد میں پولیس نے جس طرح کسانوں کے خلاف طاقت کا بے دردانہ استعمال کیا اس سے برطانوی تسلط کی یاد تازہ ہوگئی۔
قابل ذکر ہے کہ ہریانہ کے علاقے شاہ آباد میں ،کسان، مدھیہ پر دیش کے کسانوں پر مظالم کی چھٹی برسی پر جمع ہوئے تھے، جن کے خلاف پولیس نے طاقت کا استعمال کیا ۔ پولیس کے لاٹھی چارج میں بہت سے کسان زخمی ہوگئے جن میں سے دس کو اسپتالوں میں داخل کرانا پڑا۔
کانگریس ترجمان دیپیندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ شاہ آباد میں کسان مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت صرف امیروں کے لئے کام کر رہی ہے اور اس کو غریبوں، کسانوں، پہلوانوں اور جوانوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
اس سے پہلے کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے ایک بیان میں بی جے پی حکومت پر اپنے نو سالہ دور حکومت میں صرف امیروں کے لئے کام کرنے اور غریبوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا۔
انھوں نے کہا کہ بقول ان کے مودی حکومت نے اب تک صرف اپنے ارب پتی دوستوں کو نوازا اور غریب عوام کو صرف دھوکہ دیا ہے۔
کانگریس پارٹی نے مودی حکومت پر یہ الزام ایسی حالت میں لگایا ہے کہ سب کا ساتھ ، سب کا وکاس وزیراعظم نریندر مودی کا نعرہ ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت کسی امتیاز کے بغیر ملک کے عوام کے لئے کام کر رہی ہے۔