Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  • پائیدار ترقی کے اہداف کو پس پشت نہ جانے دیں: مودی

ہندوستان کے وزیراعظم نے پائیدار ترقی کے لئے اجتماعی کوششوں اور کثیرالجہتی مالیاتی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو بنارس میں منعقدہ گروپ بیس کی وزرا کانفرنس کا ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کیا ۔ انھوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کو اجتماعی کوششوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ کے لئے ترقی ایک بنیادی مسئلہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ کے ترقی پذیر ملکوں کو کورونا کی عالمی وبا اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کی وجہ سے خوراک، ایندھن اور کھاد کے بحرانوں سے سخت دھچکا پہنچا ہے۔ قرض کے خطرات اور مسائل سے نجات دلانے کے لئے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم پائیدار ترقی کے اہداف کو پس پشت نہ جانے دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ گروپ بیس کو دنیا کے لئے یہ پیغام بھیجنا چاہئے کہ ہمارے پاس اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہدف کے حصول کے لئے ایکشن پلان ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہماری کوششیں جامع، وسیع، منصفانہ اور پائیدار ہونی چاہئیں۔

قابل ذکر کہ ہندوستان دنیا کے بیس ترقی یافتہ ملکوں کی تنظیم گروپ بیس کا صدر ہے۔

ٹیگس