Jun ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • سمندری طوفان بپرجوائے آج گجرات اور سندھ کے علاقے کیٹی بندر سے ٹکرا ئے گا

سمندری طوفان بپرجوائے آج شام 4 سے 8 بجے کے دوران گجرات جبکہ کسی بھی وقت سندھ کے علاقے کیٹی بندر سے ٹکرا ئے گا

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان 135سے 150کلو میٹر فی گھنٹہ ہوا کی رفتار سے ٹکرا سکتا ہے، طوفان گجرات کے ساحل سے 200 کلو میٹر سے بھی کم فاصلے پر رہ گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے زیر اثر گجرات کے ضلع کچ کے ساحل پر 2 سے 3 میٹر اونچی لہروں کا امکان ہے جبکہ پوربندر اور دوار کے اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق جوناگڑھ کے ساحل پر لہریں اونچی ہو گئی ہیں اور سمندری پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے، ممبئی کے جوہو ساحل پر اونچی لہروں کے باعٹ لائف گارڈز تعینات کر دیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے پیش نظر ممکنہ متاثرہ علاقوں سے 74 ہزار افراد کا انخلا کرالیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بائپر جوائے آج بروز جمعرات کسی وقت بھی سندھ کے علاقے کیٹی بندر میں خشکی سے ٹکرا سکتا ہے، طوفان کے پیشِ نظر ملک کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین الرٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ طوفان کراچی کے جنوب میں تقریباً 230 کلومیٹر، ٹھٹہ سے 235 کلومیٹر اور کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر فاصلے پر موجود ہے۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ 72 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جولائی میں ایک اور سائیکلون کی آمد کا خدشہ ہے۔

ٹیگس