پاکستان اور ہندوستان کے مابین قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ
پاکستان اور ہندوستان کے مابین 2008ء کے معاہدے کے تحت قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: پاکستان نے قونصلر رسائی سے متعلق 21 مئی 2008ء کے معاہدے کی دفعات کے مطابق ہفتے کو پاکستان میں موجود 308 ہندوستانی قیدیوں (42 سویلین اور 266 ماہی گیروں) کی فہرست اسلام آباد میں ہندوستان کے ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہندوستانی حکومت نے ہندوستانی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔ فہرست کے مطابق ہندوستان کی جیلوں میں کل 417 پاکستانی (343 شہری اور 74 ماہی گیر) قیدی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی حراست میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں، یہ تبادلہ قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوتا ہے جس پر 21 مئی 2008ء کو دستخط ہوئے تھے۔
بیان کے مطابق پاکستان نے ہندوستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام پاکستانی شہری قیدیوں اور ماہی گیروں کو رہا کرے اور وطن واپس بھیجے جو اپنی متعلقہ سزا پوری کرچکے ہیں اور ان کی قومی حیثیت کی تصدیق ہوچکی ہے۔