ہندوستان: مسلمانوں کے بعد یو سی سی کی سکھوں نے بھی کی مخالفت
ہندوستان میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ اس ملک کی ہر بڑی مذہبی برادری یو سی سی کی مخالفت کر رہی ہے اور سکھوں نے کہا کہ یو سی سی ان کی شناخت کو مجروح کر رہا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی یعنی ایس جی پی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے تجویز کردہ یکساں سول کوڈ غیر ضروری اور سکھ برادری کے مفادات کے خلاف ہے اس لئے اس کو مسترد کیا جاتا ہے۔
ایس جی پی سی کے صدر ہرجیندر سنگھ دھامی نے کہا کہ کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے اندر یو سی سی کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ آئین خود اتحاد کے اصول کو برقرار رکھتا ہے۔ دھامی نے کہا کہ یو سی سی نے ملک میں اقلیتوں میں خدشات پیدا کیے ہیں کیونکہ اس نے ان کی شناخت، انفرادیت اور اصولوں کو مجروح کیا ہے۔
واضح رہے کہ یکساں سول کوڈ حکومت کے لئے درد سر بنتا جا رہا ہے، ہندوستان کی تقریباً ہر بڑی مذہبی برادری اس کی مخالفت کر رہی ہے۔ عیسائی، سکھ اور مسلم برادریاں یکساں سول کوڈ کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کررہی ہیں۔
قبائلی پہلے ہی اس تعلق سے اپنے تحفظات بیان کر چکے ہیں ۔