ہندوستان: حکومت کے خلاف مضبوط اتحاد قائم کرنے کی کوشش
لوک سبھا انتخاب 2024 کو لے کر اپوزیشن اتحاد قائم کرنے کی کوششیں لگاتار جاری ہیں۔ اس تعلق سے آج اور کل کا دن انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں آج اپوزیشن پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران جمع ہوئے جہاں سبھی سنجیدگی کے ساتھ ایک مضبوط اتحاد قائم کرنے کا خاکہ تیار کریں گے۔ بنگلورو میں اپوزیشن پارٹیوں کی آفیشیل میٹنگ 18 جولائی کو ہوگی، لیکن آج بھی اپوزیشن پارٹی لیڈران کی ملاقات طے ہے۔
نریندرمودی حکومت کے خلاف ایک مضبوط محاذ قائم کرنے میں کانگریس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس حکمراں ریاست کرناٹک میں میٹنگ کو لے کر پارٹی انتہائی سرگرم دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بنگلورو پہنچ چکے ہیں۔
کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے کانگریس کے ان تینوں اہم لیڈران کا ایچ اے ایل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیے جانے کی تصویریں پوسٹ کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلورو میں ہونے والی میٹنگ میں کم و بیش 26 پارٹیاں شریک ہوں گی۔ یہ سبھی بی جے پی اور مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں سے ناراض ہیں اور اسی لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو رہی ہیں۔