Jul ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۲:۴۶ Asia/Tehran
  • منی پور کے شرمناک واقعہ کے قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا: وزیراعظم مودی

نریندر مودی نے منی پور کے واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منی پور کا واقعہ شرمناک ہے اور اس واقعہ سے 140 کروڑ ملک کے لوگ شرمندہ ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: پارلیمنٹ کے مونسون اجلاس کے آغاز سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ خواتین کی حفاظت کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ منی پور واقعہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ منی پور واقعہ پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ منی پور میں جو واقعہ رونما ہوا ہے وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے شرمناک واقعہ ہے۔ گناہ کرنے والے کتنے ہیں، کون ہیں، وہ اپنی جگہ، لیکن پورے ملک کی توہین ہو رہی ہے۔ انہوں نے سبھی وزرائے اعلیٰ سے کہا کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں خاص طور پر ہماری ماؤں بہنوں کے لئے سخت ترین اقدامات اٹھائیں۔

بتا دیں کہ منی پور کے واقعہ کے حوالے سے سپریم کورٹ نے بھی ازخود نوٹس لیا ہے۔

واضح رہے کہ تشدد سے متاثرہ منی پور کی دو خواتین کو سڑک پر برہنہ گھمایا گیا اور اس کی ایک چونکا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مشتعل ہجوم نے نہ صرف متاثرہ خواتین کی پورے علاقے میں برہنہ پریڈ کروائی بلکہ انہیں اجتماعی عصمت دری کا بھی نشانہ بنایا ۔ رپورٹ کے مطابق عصمت دری اور مار پیٹ کے بعد خواتین بول بھی نہیں پا رہی ہیں۔

ٹیگس