Jul ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • منی پور واقعہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ ، دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

منی پور معاملہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: منی پور واقعہ پر اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کی وجہ سے پیر کے روز نہ ہی لوک سبھا میں کوئی کام ہو سکا، اور نہ ہی راجیہ سبھا کی کارروائی بہتر انداز میں چل سکی ۔ دونوں ہی ایوانوں کی کارروائی آج دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی جبکہ منی پور کو لے کر جاری ہنگامہ فی الحال ختم ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

ہنگامہ کرنے والے ارکان کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے۔ اور وہ نعرے لگا رہے تھے۔ اسپیکر نے ارکان سے ہنگامہ نہ کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ پچھلے دو تین دنوں سے ارکان مسلسل منی پور کے مسئلہ پر بحث کرنے کی بات کر رہے ہیں، اس لئے وزیر داخلہ ایوان میں اس مسئلہ پر بات کریں گے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ میں تمام اپوزیشن کے ارکان سے درخواست کرتا ہوں۔ حکمران جماعت اور اپوزیشن کے ارکان اس انتہائی حساس معاملے پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ میں ایوان میں بحث کے لیے تیار ہوں۔ پتہ نہیں اپوزیشن کیوں بحث نہیں چاہتی جبکہ ملک اس پر بحث چاہتا ہے۔ میری اپوزیشن ارکان سے درخواست ہے کہ اس معاملے پر بات کریں تاکہ ملک کو واضح پیغام جائے۔

ٹیگس