ہندوستان: 5 سال میں لاکھوں بچے لا پتہ
ہندوستان میں گزشتہ پانچ سال کے دوران لاکھوں بچے لا پتہ ہوئے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی مرکزی خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر اسمرتی ایرانی کی طرف سے لوک سبھا میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 2018 سے جون 2023 تک کل 2 لاکھ 75 ہزار125 بچے غائب ہوئے، جن میں 2 لاکھ 12 ہزار825 لڑکیاں ہیں۔
لوک سبھا میں دی گئی معلومات کے مطابق 2 لاکھ 40 ہزار 502 بچوں کو ڈھونڈ نکالا گیا، جن میں سے ایک لاکھ 73 ہزار786 لڑکیاں ہیں۔
اسمرتی ایرانی نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ مرکزی حکومت کی چائلڈ ہیلپ لائن لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے ملک بھر میں کام کر رہی ہے۔ لاپتہ بچوں کا سراغ لگانے کے لیے ایک ٹریک چائلڈ پورٹل بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ بچے مدھیہ پردیش سے لاپتہ ہوئے ہیں ۔ مدھیہ پردیش میں لاپتہ بچوں کی تعداد 61 ہزار سے زیادہ ہے۔ لاپتہ بچوں کے معاملے میں مغربی بنگال دوسرے نمبر پر ہے۔ اس ریاست کے 49 ہزار سے زیادہ بچے لاپتہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بچے سات ریاستوں مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، اڈیشہ، کرناٹک، گجرات، دہلی اور چھتیس گڑھ میں لاپتہ ہوتے ہیں۔ ان ریاستوں میں لاپتہ بچوں کی کل تعداد 2 لاکھ 14 ہزار 664 ہے۔ یعنی کل لاپتہ بچوں میں سے 78 فیصد ان سات ریاستوں سے ہیں۔