منی پور معاملے پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ، کارروائی پھر ملتوی
منی پور معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے منگل کو بھی لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہو سکا اور ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی، وہیں راجیہ سبھا کا بھی یہی حال تھا اور ہنگامہ آرائی کے سبب کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: لوک سبھا میں صبح 11 بجے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات شروع ہونے کا اعلان کیا، اسی دوران اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ایوان کے وسط میں ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی شروع کر دی۔ برلا نے اس دوران سوالات پوچھنے کے لیے اراکین کے نام پکارے۔ شوروغل کے بیچ ہی پنچایتی راج کے مرکزی وزیر مملکت کپل موریشور پاٹل اور زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت کیلاش چودھری نے بھی اراکین کے سوالوں کے جواب دیے۔
اس دوران بھی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان شور شرابے اور نعرے بازی کرتے رہے۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ایوان میں منی پور معاملے پر بیان دینے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔ ہنگامہ اور شور وغل نہ رکنے کی وجہ سےمسٹر برلا نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی۔
ادھر، راجیہ سبھا میں منی پور کی صورتحال پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ایوان میں آکر جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن کے اراکین نے زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی ۔ کارروائی ملتوی ہونے کے باعث وقفہ صفر کی کارروائی نہ ہو سکی۔ دو ہفتے قبل شروع ہوئے مونسون اجلاس کے دوران زبردست شوروغل کی وجہ سے ایوان میں ایک دن بھی وقفہ صفر کی کارروائی نہیں ہوسکی ہے۔