Aug ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان ہنگامہ آرائی، راجیہ سبھا کی کارروائی پھر ملتوی

راجیہ سبھا میں جمعہ کو بھی اپوزیشن ارکان نے منی پور کے حالات پر بحث کا زوردار مطالبہ کیا جس کے باعث ہنگامہ کی وجہ سے ایک التوا کے بعد کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: صبح التوا کے بعد جب چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے دوپہر 12 بجے دوبارہ کارروائی شروع کی تو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے گھنشیام تیواری نے راجستھان میں ایک نوعمر لڑکی کے ساتھ ہونے والی بربریت کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے اور اس مسئلہ پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے۔

قائد ایوان پیوش گوئل نے بھی ان کی بات کی تائید کی اور کہا کہ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے اور چیئرمین کو فوری طور پر ایوان میں راجستھان کی صورتحال پر بحث کرانی چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن پچھلے کئی دنوں سے قاعدہ 267 کے تحت تحریک التواء لا کر منی پور کی صورتحال پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن اس پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔

اس دوران حکمراں جماعت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان نے اپنی جگہ پر کھڑے ہو کر نعرے بازی شروع کردی۔ ایوان میں بدنظمی کی صورتحال دیکھ کر چیئرمین نے کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔

کارروائی ملتوی ہونے کی وجہ سے ایوان میں عوامی اہمیت کے موضوعات سے متعلق وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہیں ہوسکا۔

جمعہ کو ایوان بالا میں پرائیویٹ بلز کا دن ہوتا ہے لیکن کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی ہونے کے باعث ظہرانے کے وقفے کے بعد پرائیویٹ بلز پر بھی بحث نہیں ہوسکی۔

ٹیگس