Sep ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • ایشیا کپ فائنل: سری لنکا میں سراج کی سرجیکل اسٹرائک، ہندوستان نے سری لنکا کو 10 وکٹ سے ہرا دیا

ایشیا کپ 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ہندوستان نے سری لنکا کو 10 وکٹ سے شکست دے دی اور ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فائنل میچ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پریم داس اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

سحر نیوز/ کھیل کود: سری لنکا نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن یہ فیصلہ اس کے لئے مہلک ثابت ہوا۔ سری لنکا  کے بلے بازوں کے لئے ہندوستانی گیندباز محمد سراج کی طوفانی گیندبازی میں رن بنانا تو دور پچ پر ٹکنا بھی مشکل ہوگیا اور محض 12 رن کے اسکور پر سری لنکا کے چھ کھلاڑی واپس پویلین لوٹ گئے۔  

اطلاعات کے مطابق فائنل میچ بارش کی وجہ سے کچھ تاخیر سے شروع ہوا۔ کھیل شروع ہوا تو سری لنکا کے بلے بازوں کے لئے ہندوستانی تیز گیند باز محمد سراج نے طوفان برپا کردیا۔ محمد سراج نے ایک اوور میں 4 رن دے کر 4 وکٹ لئے اور ٹوٹل 7 اوور میں 21 رن دے کر 6 وکٹ لئے۔ ہاردک پانڈیا نے سری لنکا کے 3 بلے بازوں کو پویلین پہنچایا اور بمراہ نے ایک وکٹ لیا۔

12 رن کے اسکور پر جب 6 وکٹ گر گئے تو ایسا لگ رہا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم شاید مزید 12 رن بھی مشکل سے بنا پائے گی لیکن بعد میں سری لنکا کے کھلاڑی سنبھل کر کھیلے اور کسی طرح پوری ٹیم 15 اعشاریہ دو اوور میں 50 رن بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

ہندوستان نے 51 رن کے ہدف کو آسانی کے ساتھ حاصل کرلیا اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔ ہندوستان کی طرف سے بلے بازی کرتے ہوئے ایشان کشن نے 23 اور شبھمن گل نے 27 رن بنائے اور دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔

 

 

ٹیگس