اصلاح نہ ہونے کی صورت میں اقوام متحدہ منسوخ ہو جائے گی۔ ہندوستان
ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا ہے اگر اقوام متحدہ نے اپنے اسٹرکچر میں اصلاح کے بغیر اپنے کام کو جاری رکھنے کی کوشش کی تو منسوخ ہو جائے گی اور کوئی بھی مسائل کے حل کےلئے اس کی طرف رجوع نہیں کرے گا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ سوبرامنیم جے شنکر نے ایک تقریب میں ہندوستانی طلبا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ممبران کی مثال ایک بس میں بیٹھے مسافروں جیسی ہے جو دوسرے ضرورت مند مسافروں کو بس میں کھڑا دیکھ کر بھی اپنی جگہ سے اٹھنے اور دوسروں کو جگہ دینے پر راضی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں اقوام متحدہ پر اپنے اسٹرکچر میں تبدیلی کے حوالے سے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے اور اس بین الاقوامی ادارے کو اس کو درک کرنے کی ضرورت ہے۔ جے شنکر نے کہا کہ یہ دباؤ باقی رہنا چاہیے۔ گزشتہ چند سال میں دنیا کے ایک بڑے حصے نے اقوام متحدہ کے اسٹرکچر میں تبدیلی کی ضرورت محسوس کی ہے۔ افریقہ کے 54 ممالک ہیں لیکن ان کا کوئی بھی رکن اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں نہیں حتی لاطینی امریکہ کے کسی ملک کی بھی وہاں جگہ نہیں ہے، دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے اور پانچویں بڑی اقتصادی طاقت کی بھی وہاں جگہ نہیں ہے۔ ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر یو این اسٹرکچر کی اصلاح نہ ہوئی تو اس صورت میں یو این سے باہر مسائل کے حل کےلئےعوام رجوع کریں گے- اور اقوام متحدہ کے ادارے کو اس پیغام کو درک کرنا چاہیے، ورنہ وہ ختم ہوجائے گا اور اگر وہ ختم نہ بھی ہو تو بھی اس کا وجود ایک غیر ضروری چیز بن کر رہ جائے گا۔