Sep ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: میر واعظ مولوی عمر فاروق نے 4 سال کے بعد نماز جمعہ میں شرکت کی

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں میر واعظ مولوی عمر فاروق نے آج 4 سال کے بعد سری نگر کی جامع مسجد میں شرکت کی اور خطبہ دیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ وہ کشمیر میں امن و سکون چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ کشمیری پنڈت وادی میں واپس آئیں اور یہاں پہلے کی طرح رہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے مرکزی شہر سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں 4 سال کے بعد مولوی عمر فاروق نے خطبہ دیا۔ انہوں نے خطبۂ نماز جمعہ میں کہا کہ ریاست میں امن اور بھائی چارہ بڑھنا چاہئے۔ اطلاعات کے مطابق وہ جامع مسجد میں قدم رکھتے ہی جذباتی ہوگئے اور خطبے کے دوران بھی وہ اپنی آنکھوں سے آنسو نہ روک سکے۔ انہوں نے تقریباً دو گھنٹے مسجد میں گزارے۔ ساتھ ہی انہوں نے عام لوگوں سے ملاقات کی اور ان سے مصافحہ بھی کیا۔

میر واعظ عمر کے استقبال کے لیے ہزاروں افراد جامع مسجد پہنچے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ لوگوں نے میر واعظ مولوی عمر فاروق کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کا زبردست استقبال کیا۔ لوگ میر واعظ مولوی عمر فاروق کی ایک جھلک پانے کے لئے بے چین نظر آئے۔ میر واعظ کے مسجد پہنچنے پر لوگوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق میر واعظ 5 اگست 2019 کو مرکزی حکومت کے ذریعہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 منسوخ اور ریاست کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے بعد گھر میں نظر بند تھے۔

 

ٹیگس