Sep ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • عید میلاد النبی (ص) کی تعطیل ایک روز قبل، سمجھ سے بالاتر: عمرعبداللہ

جموں و کشمیرنیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی (ص) کی تعطیل ایک روز قبل دینے سے لوگوں کے دل مجروح کئے گئے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: جموں و کشمیرنیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے عید میلاد النبی (ص) کی تقریب سعید کے موقع پر درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور نمازِ جمعہ بھی ادا کی۔

نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد وہاں موجودہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمرعبداللہ نے حکومت کی طرف سے عید میلاد النبی(ص) کی تعطیل ایک روز قبل دیئے جانے کو سمجھ سے بالاتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو یہاں کے عوام کے احساسات اور جذبات کی ذرا سی بھی قدر نہیں۔

اگر کسی بڑے دن کی تعطیل ایک روز قبل دینا اتنا ہی آسان ہے تو پھر حکومت دیوالی کی چھٹی ایک روز قبل دے کر دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعطیل کا فیصلہ ایک روز قبل کرکے یہاں کے عوام کے دل مجروح کئے ہیں۔

الیکشن کے انعقاد سے متعلق پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ جب ان لوگوں (بھاجپا) میں تھوڑی سی ہمت آئے گی تب یہ لوگ یہاں الیکشن کرائیں گے۔

ٹیگس