Oct ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سکم میں بڑا حادثہ، بادل پھٹنے سے 23 فوجی اہلکار لاپتہ

شمالی سکم میں لہونک جھیل پر بادل پھٹنے سے وادی لاچن میں تیستا ندی میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ جس کی وجہ سے منگل کی رات تقریباً ایک بجے آنے والے سیلابی ریلے میں فوج کے 23 اہلکار بہہ گئے۔ جن کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق شمالی سکم میں بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب کے بعد کم از کم 23 فوجی افسران کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے جبکہ وادی میں کچھ فوجی تنصیبات متاثر ہوئی ہیں۔ شمالی سکم میں لہونک جھیل پر اچانک بادل پھٹنے سے وادی لاچن میں واقع تیستا ندی میں سیلاب آ گیا۔

سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے بھی سنگتم میں سیلاب کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق چنگتھانگ ڈیم سے اچانک پانی چھوڑنے سے پانی کی سطح 15 سے 20 فٹ بلند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے سنگتم کے قریب باردانگ میں کھڑی فوجی گاڑیاں متاثر ہو ئیں۔ جبکہ 23 جوان لاپتہ ہیں، فوج کی 41 گاڑیاں بھی کیچڑ کے نیچے دب گئیں اورلاپتہ افراد کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

شدید بارش کی وجہ سے دارجلنگ اور سلی گڑی میں بھی سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تیستا ندی نے بھیانک شکل اختیار کرلی ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کلمپونگ نیشنل ہائی وے کا کچھ حصہ بہہ گیا جس کی وجہ سے بنگال کا سکم سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

ٹیگس