بی جے پی لیڈروں کے خلاف سخت کاروائی کا ، کانگریس کا مطالبہ
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ان وزیروں اور لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے سخت کارروائی کی جانی چاہئے جو بدعنوانی میں ملوث ہیں اور پیسے کے بل بوتے پر الیکشن جیتنے کی بات کر رہے ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: مہیلا کانگریس کی سابق قومی صدر اور مدھیہ پردیش کانگریس کی سینئر لیڈر شوبھا اوجھا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور اس الیکشن میں بی جے پی بری طرح ہار رہی ہے، اس لیے اس کے لیڈر عوام کو طرح طرح کی لالچ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے وزیر گووند سنگھ راجپوت ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ وہ ہراس بوتھ انچارج کو پچیس لاکھ روپے دیں گے جہاں بی جے پی کو زیادہ ووٹ ملیں گے۔
ایک دوسری ویڈیو میں کیلاش وجے ورگیہ یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ جہاں کانگریس کو ایک بھی ووٹ نہیں ملے گا وہاں کے انچارج کو اکیاون ہزار روپے کا انعام دوں گا۔ یہاں ایک سوال یہ بھی اٹھتا ہے کہ ان بی جے پی لیڈروں کے پاس بوتھ انچارج کو دینے کے لیے اتنے پیسے کہاں سے آئے؟ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی طرف سے پارٹی کارکنوں کو لاکھوں روپے دینے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد چیف الیکشن کمیشن اور ریاستی الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس کی جانچ کرکے گووند سنگھ راجپوت کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے جواب بھی طلب کیا ہے۔