Nov ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۰ Asia/Tehran
  • الوداع

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے مشہور اور تاریخی شہر "علی گڑھ" کا نام بدلنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے مشہور شہر"علی گڑھ" کا نام بدل کر "ہری گڑھ" رکھے جانے کی سرکاری تیاری کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق علی گڑھ میونسپل کارپوریشن نے متفقہ طور پر علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی تجویز منظور کر لی ہے۔ یہ تجویزعلی گڑھ کے میئر پرشانت سنگھل نے پیر کو ایک میٹنگ میں پیش کی تھی جس کی تمام کونسلروں نے حمایت کی۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے، آج منگل کو، علی گڑھ کے میئر پرشانت سنگھل کے حوالے سے بتایا کہ "کل ایک میٹنگ میں علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی تجویز پیش کی گئی، تمام کونسلروں نے متفقہ طور پر اس تجویز کی حمایت کی۔ اب یہ تجویز انتظامیہ کو بھیجی جائے گی۔ مجھے امید ہے کہ انتظامیہ اس کا نوٹس لے گی اور ہمارے مطالبے کو پورا کرے گی۔ علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھے جانے کا مطالبہ ایک طویل عرصے سے کیا جا رہا ہے۔"

واضح رہے کہ سنہ 2021 ٫ میں علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی تجویز کو ضلع پنچایت کی میٹنگ میں منظور کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے ریاست اترپردیش کے کئی شہروں کے نام بدلے جا چکے ہیں، مغل سرائے کا نام بدل کر پنڈت دین دیال اپادھیائے نگر، الہ آباد کا پریاگ راج اور فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا رکھا جا چکا ہے۔

 

ٹیگس