ہندوستان: سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو 17 دنوں بعد بحفاظت نکال لیا گیا
اتراکھنڈ کے سلکیارا سرنگ میں گزشتہ سترہ دنوں سے پھنسے اکتالیس مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اتراکھنڈ کے سلکیارا ٹنل میں پھنسے تمام اکتالیس مزدوروں کو منگل کی شام بحفاظت نکال لیا گیا، جس کے بعد ان کے اہل خانہ سمیت پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
پہلے کارکن کو منگل کی شام سات بجکر پچاس منٹ پر سرنگ سے باہر نکالا گیا۔ تقریباً پینتالیس منٹ کے بعد تمام اکتالیس مزدوروں کو یکے بعد دیگرے باہر نکال لیا گیا۔
این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں دوپہر کو سرنگ کے اندر پہنچی تھیں اور کارکنوں کو باہر لے کر آئیں۔ جیسے ہی وہ سرنگ سے باہر آئے، سبھی کارکنوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔
بتادیں سرنگ کا ایک حصہ بارہ نومبر کو منہدم ہوگیا تھا، جس کے اندراکتالیس مزدور پھنس گئے تھے۔
دوسری طرف اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ریسکیو آپریشن میں مصروف کارکنوں اور اہلکاروں کے حوصلے اور ہمت کی ستائش کی۔