ہندوستان: میزورم میں انتخابی میدان میں پہلی بار قدم رکھنے والے اتحاد نے 40 میں سے 27 سیٹیں جیت کر میدان مار لیا
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست میزورم میں آج پیر کو حالیہ اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی ہوئی جس میں انتخابات میں پہلی بار شرکت کرنے والے اتحاد زیڈ پی ایم نے 40 میں سے 27 سیٹیں جیت کر مکمل اکثریت حاصل کرلی اور حکمراں فرنٹ 10 سیٹوں تک سمٹ کر رہ گیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان میں نومبر میں پانچ ریاستوں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، تلنگانہ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات ہوئے، چار ریاستوں میں گزشتہ روز اتوار کو ووٹوں کی گنتی ہوئی جبکہ میزورم میں ووٹوں کی گنتی آج پیر کو ہوئی۔
7 نومبر کو ہونے والے میزورم کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں زورم پیپلز موومینٹ، زیڈ پی ایم، نے اسمبلی کی 40 نشستوں میں سے 27 پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ حکمراں میزو نیشنل فرنٹ، ایم این ایف، کو صرف 10 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔
میزورم میں بھارتیہ جنتا پارٹی، بی جے پی، نے 2 نشستیں حاصل کی ہیں اور کانگریس صرف ایک سیٹ حاصل کر سکی ہے۔
زیڈ پی ایم کے رہنما لال دوہوما نے، جو وزیر اعلی کے عہدے کے امیدوار ہیں، کہا ہے کہ میں کل یا پرسوں ریاست کے گورنر سے ملوں گا۔