Dec ۰۹, ۲۰۲۳ ۲۰:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کیا آل انڈیا ریڈیو کی اردو سروس کو بند کردیا جائے گا؟

ہندوستان کی معروف آل انڈیا ریڈیو کی اردو سروس ماہرین کے مطابق ہمیشہ کے لئے بند ہو سکتی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ایک ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق آل انڈیا ریڈیو کی اردو سروس نے، جو بتدریج زوال کا شکار ہے، رواں سال اپریل سے نئے شو کی ریکارڈنگ پوری طرح سے بند کردی ہے لہٰذا اردو پروگراموں کو معطل کرکے ان کی جگہ ہندی پروگراموں کو دے دی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وبا سے پہلے آل انڈیا ریڈیو کی اردو سروس کا دورانیہ 24 گھنٹے کا ہوا کرتا تھا لیکن اب یہ گھٹ کر آدھے سے بھی کم محض 9 گھنٹے رہ گیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق آل انڈیا ریڈیو کی اردو سروس کے پاس مالی سال 2023-24 کے لئے 6 کروڑ روپے کا بجٹ تھا جو ابھی تک پورا خرچ نہیں ہوپایا ہے۔ اگر ایسا ہی رہا تو پھر حکومت آئندہ اردو سروس کے سالانہ بجٹ کو بہت کم کر سکتی ہے۔ انہی حالات کے پیش نظر ماہرین کا خیال ہے کہ ہوسکتا ہے کہ آل انڈیا ریڈیو کی اردو سروس ہمیشہ کے لئے بند کر دی جائے۔

رپورٹ کے مطابق آل انڈیا ریڈیو کی اردو سروس سے وابستہ ایک اہلکار نے بتایا کہ ایسے واقعات ہوئے ہیں جب ہمیں تہواروں کے منائے جانے کے ایک دن بعد اس کی خبریں اور اہمیت سے متعلق پروگرام نشر کرنا پڑا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین کے مطابق انتظامیہ خود اردو سروس کے تئیں بے فکر ہے یا پھر وہ اس سروس کو بند کرنے کے طریقۂ کار پر کام کر رہی ہے۔

ٹیگس