Dec ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مدھیہ پردیش کا سسپینس بھی ختم، آر ایس ایس کے قریبی موہن یادو نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے

ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے بی جے پی کے نو منتخب اراکین اسمبلی نے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کے لئے موہن یادو کو منتخب کرلیا ہے۔ اس طرح ریاست کے نئے وزیراعلیٰ کے بارے میں ایک ہفتے سے بھی زیادہ چلنے والا سسپینس ختم ہوگیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: بھوپال سے موصولہ رپورٹ کے مطابق آج پیر کو بے جے پی لیجس لیچر پارٹی کی میٹنگ میں موہن یادو کو مدھیہ پردیش کا نیا وزیراعلیٰ بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ موہن یادو آر ایس ایس کے بہت قریبی مانے جاتے ہیں اور ان کو آر ایس ایس کی پسند قرار دیا جارہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق چھتیس گڑھ کی طرح مدھیہ پردیش میں بھی بی جے پی کی حکومت میں دو نائب وزرائے اعلیٰ  ہوں گے۔ اور اس عہدے کے لئے راجیش شکلا اور جگدیش دیوڑا کے نام کو منظوری ملی ہے۔

موہن یادو شیوراج چوہان کی کابینہ میں شامل تھے اور اعلیٰ تعلیم کے وزیر تھے۔

واضح رہے کہ مدھیہ پردیش سمیت ہندوستان کی 5 ریاستوں میں حال ہی میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے۔ بی جے پی نے تین ریاستوں راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں کامیابی حاصل کی تھی جس کا اعلان 3 دسمبر کو کیا گیا تھا لیکن تینوں ریاستوں میں نئے وزیر اعلیٰ کا نام سامنے نہیں آ سکا تھا۔ آج مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ  کا نام سامنے آیا اور گزشتہ روز چھتیس گڑھ کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر وشنو دیو سائے کو منتخب کیا گیا تھا۔

موہن یادو تیسری بار رکن اسمبلی بنے ہیں۔ بی جے پی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کی 230 اسمبلی سیٹوں میں سے 163 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انتخابی نتائج کا اعلان 3 دسمبر کو کیا گیا تھا۔
موہن یادو پہلی بار 2013 میں ایم ایل اے بنے تھے۔ وہ 25 مارچ سنہ 1965 کو اجین میں پیدا ہوئے تھے۔

 

ٹیگس