ہندوستان: کشمیر کی تنظیم تحریک حریت پر پابندی عائد
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی تنظیم تحریک حریت کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کی حکومت نے، جموں و کشمیر کی تنظیم ، تحریک حریت پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگاتےہوئے ، اس پر پابندی لگادی ہے۔
ہندوستان کی مرکزی حکومت نے تحریک حریت کو یو اے پی اے ایکٹ لگا کر اس کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ یہ تنظیم جموں و کشمیر کو ہندوستان سے الگ کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں، ہندوستان کے خلاف پروپیگنڈہ مہم اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
ہندوستانی حکومت اس سے پہلے ایک اور تنظیم مسلم لیگ جموں و کشمیر، مسرت دھڑے پر بھی پابندی لگا چکی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے ضلع بارہ مولا میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت ایک رہائشی مکان اور اس میں موجود ایک کار کو ضبط کرلیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے مذکورہ گھر میں دہشت گردوں کے پناہ لینے کا دعوی کیا ہے۔ جموں و کشمیر کی پولیس نے یو پے پی ایکٹ کے تحت ایک زیر تعمیر مکان کو بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہ ہونے کا الزام لگا کر ضبط کرلیا ہے۔