Jan ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: گجرات پولیس نے سڑک پر نماز پڑھنے کے سبب ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا

اتوار کی رات کو ملنے والی ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست گجرات میں پولیس نے ایک مسلمان ٹرک ڈرائیور کو اس لئے گرفتار کرلیا کہ اس نے سڑک کے کنارے نماز پڑھ لی تھی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: احمد آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق گجرات پولیس نے بناسکانٹھا ضلع میں سڑک پر نماز پڑھنے والے ایک ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کیا ہے۔ ڈرائیور کی شناخت بھی کرلی گئی ہے، اس کا نام باچا خان ہے اور اس کی عمر 37 سال ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اسے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اس ویڈیو میں ڈرائیور پالن پور شہر کے قریب اپنے ٹرک کے آگے نماز پڑھتے ہوئے نظر آتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ 12 جنوری کو ایک مصروف چوراہے کے قریب ہائی وے پر پیش آیا۔  باچا خان نے اپنا ٹرک روکا اور نماز پڑھنے لگا۔ اسی دوران کسی نے ویڈیو ریکارڈ کر کے وائرل کر دی جس کے بعد پولیس نے معاملے میں مداخلت کی۔

باچاخان کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 283 (عوامی راستے میں خطرہ)، 186 (سرکاری ملازم کے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ) اور 188 (سرکاری ملازم کے ذریعہ جاری کردہ حکم کی نافرمانی) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

 

 

ٹیگس