ہندوستان: بہار میں نیتیش کمار نے 9 ویں بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا
ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار میں صبح مستعفی ہونے والے وزیر اعلیٰ نیتیش کمار نے شام کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ریاست بہار میں نیتیش کمار نے 9 ویں بار ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا اور اس طرح دو تین دن سے جاری سیاسی ہلچل کو بریک لگ گئے۔ ریاست کے دارالحکومت پٹنہ میں گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر نے نیتیش کمار کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف لینے کے بعد نیتیش کمار نے کہا کہ این ڈی اے میں وہ واپس آگئے ہیں، اب کہیں اور جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اطلاعات کے مطابق نیتیش کمار کے علاوہ 8 وزرا نے بھی عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ بی جے پی کی دوسری ریاستوں کی طرح اب بہار میں بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ ہوں گے جو بہار اسمبلی میں بی جے پی کے کوٹے سے ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ نیتیش کمار پہلی بار 3 مارچ سنہ 2000 کو سات دن کے لیے وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ اس کے بعد 20 نومبر 2015 کو پانچویں بار انہیں تاج پہنایا گیا اور 8 ویں بار سنہ 2022 میں نیتیش کمار نے ریاست کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لی تھی۔