Feb ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مسلم فریق کو جھٹکا، گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا پر روک لگانے سے ہائی کورٹ کا انکار

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی میں گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں جاری پوجا پر روک لگانے کی مسلم فریق کی درخواست کے بارے میں سپریم کورٹ کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ سے بھی جھٹکا لگا ہے اور پوجا پر روک لگانے سے انکار کردیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی میں گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں جاری پوجا پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے شہر میں مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے پہلے مسلم فریق نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے سماعت کرنے سے انکار کردیا اور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا تھا۔

آج جمعہ کو الہ آباد ہائی کورٹ میں مسلم فریق کی درخواست پر اس کیس کی سماعت ہوئی۔ پہلے مسلم فریق کی طرف سے اس کے وکیل نے اپنا موقف پیش کیا اور اس کے بعد ہندو فریق کی طرف سے دلائل پیش کئے گئے۔ اس کے بعد جسٹس روہت رنجن اگروال کی بینچ نے مسجد کے تہہ خانے میں جاری پوجا پاٹھ پر پابندی لگانے سے انکار کردیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے اگلی سماعت کے لئے 6 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔

واضح رہے کہ وارانسی کی ضلع عدالت نے منگل کے دن ہندو فریق کی درخواست پر اس کو گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا پاٹھ کا اختیار دے دیا تھا اور ایک ہفتے کے اندر اندر پوجا کا بند و بست کرنے کا انتظامیہ کو حکم دیا تھا لیکن ہندوؤں نے منگل کو دیر رات گئے تہہ خانے میں پوجا شروع کردی تھی۔

ٹیگس