Feb ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اب تاج محل میں نماز اور عُرس پر پابندی کا مطالبہ

ہندوستان میں اب ایک ہندو تنظیم نے تاج محل میں نماز اور عُرس کے انعقاد پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ایک ہندو تنظیم نے ریاست اترپردیش کے شہر آگرے میں واقع مشہور تاج محل میں نماز ادا کرنے اور عُرس کے انعقاد پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق "اکھل بھارت ہندو مہاسبھا" نامی ایک ہندو تنظیم نے اپنے وکیل کے ذریعہ تاج محل میں نماز اور عُرس پر پابندی کے لئے عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔

دنیا کے سات عجوبوں میں شامل عالمی شہرت یافتہ تاریخی عمارت تاج محل میں ہر سال 6 فروری سے "عُرسِ شاہجہاں" کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عدالت نے اس سلسلے میں شاہجہاں عُرس کمیٹی کو نوٹس جاری کرکے 4 فروری تک جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ عدالت میں داخل کی گئی مہا سبھا کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ تاج محل میں جو عرس منعقد ہوتا ہے وہ کسی اجازت کے بغیر منعقد ہوتا ہے، اسے روکا جائے۔

ہندو مہا سبھا کے وکیل انل تیواری نے بتایا کہ عدالت میں عرضی داخل کئے جانے کے بعد جج نے امین مقرر کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔

واضح رہے کہ تاج محل میں ہر سال منعقد ہونے والے "عُرسِ شاہجہاں" میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ مختلف ادیان و مذاہب اور عقائد کے ماننے والے شرکت کرتے ہیں۔

ٹیگس