Feb ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا، اپوزیشن کا واک آؤٹ

ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار اسمبلی میں آج نتیش حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا، نتیش حکومت کے حق میں 129 ووٹ پڑے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: پٹنہ سے میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بہار اسمبلی کے اجلاس میں نتیش حکومت نے 129 ووٹوں کے ساتھ اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا کیونکہ اپوزیشن کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کرلیا تھا۔

اسمبلی میں فلور ٹیسٹ سے پہلے حکمراں اور مخالف دھڑے کے لیڈران کی زوردار تقریریں ہوئیں۔ پھر جب فلور ٹیسٹ کا وقت آیا تو اپوزیشن نے واک آؤٹ کر دیا۔ پھر جب ووٹنگ ہوئی تو نتیش حکومت کی حمایت میں 129 ووٹ پڑے۔  اس طرح بہار میں نتیش کمار کی قیادت والی نئی حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے 15 دن بعد آج یعنی پیر کو ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے۔

فلور ٹیسٹ سے پہلے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ "2005 سے ہمیں (جنتا دل یو، بی جے پی) کام کرنے کا موقع ملا۔ ہم سے پہلے ان کے (تیجسوی کے) ماں باپ کو 15 سال تک کام کرنے کا موقع ملا۔ انھوں نے کیا کیا؟ ہندومسلم کا جھگڑا ہوتا تھا، ہم نے بند کرایا۔ شام کو لوگ نکلنے سے ڈرتے تھے، اب دیر رات تک میٹنگیں ہوتی ہیں۔"  

نتیش کمار نے مزید کہا کہ "ہم پرانی جگہ پر آ گئے ہیں، سب دن کے لیے آ گئے ہیں۔ ہم کسی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ سبھی کے مفاد میں کام کریں گے۔"

واضح رہے کہ بہار اسمبلی میں اراکین کی کل تعداد 243 ہے۔ ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کے لیے 122 اراکین کی حمایت ضروری تھی لیکن فلور ٹیسٹ میں نتیش حکومت کو اس تعداد سے زیادہ اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی۔

 

ٹیگس