ہندوستان: عام آدمی پارٹی کو لگا جھٹکا، پارٹی دفتر کو خالی کرنے کا حکم
چیف جسٹس آف انڈیا نے پیر کو راؤز ایونیو کورٹ کمپلیکس میں واقع دہلی ہائی کورٹ کی زمین پر بنے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے دفتر کے بارے میں سماعت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو جگہ خالی کرنے کیلئے وقت دے سکتے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: سپریم کورٹ آف انڈیا کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے پیر کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو جھٹکا دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 15 جون تک راؤز ایونیو میں اپنے پارٹی دفتر کو خالی کرنا ہوگا۔
سپریم کورٹ نے ان سے پارٹی دفتر کی زمین کے لیے مرکز کو درخواست دینے کیلئے بھی کہا، جس کے بعد عام آدمی پارٹی کی طرف سے پیش ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ میں نے درخواست دی ہے اور مجھے بدر پور میں جگہ دی گئی ہے۔ تو پھر سبھی جماعتوں کو بدرپور میں منتقل کردیا جائے ۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ یہ زمین دہلی ہائی کورٹ کو دی گئی زمین پر تجاوزات ہے۔ اس زمین کا مقصد راؤز ایونیو کورٹ کے لئے اضافی کمرہ عدالت کی تعمیر ہے۔ ہم اگلے انتخابات کے پیش نظر آپ کو اضافی وقت دے رہے ہیں۔ اس سے پہلے راؤز ایونیو کورٹ کمپلیکس میں واقع دہلی ہائی کورٹ کی زمین پر بنائے گئے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے دفتر کے بارے میں سماعت کے دوران چیف جسٹس (سی جے آئی) ڈی وائی چندر چوڑ نے کہا کہ ہم آپ کو جگہ خالی کرنے کے لیے وقت دے سکتے ہیں۔