Mar ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان انتخابات سے پہلے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے: ماہرین اقوام متحدہ

انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ماہرین نے ہندوستان میں آئندہ عام انتخابات سے پہلے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: اقوام متحدہ کی اردو سائٹ پر شائع ہونے والی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ میں اس بین الاقوامی ادارے کے ماہرین نے کہا ہے کہ مذہبی، نسلی و قومی اقلیتوں، خواتین اور لڑکیوں، سول سوسائیٹی، انسانی حقوق کے کارکنوں اور ذرائع ابلاغ کے خلاف حملوں کی متواتر اطلاعات تشویشناک ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں عنقریب ہونے والے عام انتخابات سے پہلے یہ صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ماہرین نے اقلیتوں کے خلاف تشدد اور نفرت پر مبنی جرائم، توہین آمیز بیانات اور تفریق و تشدد کی ترغیب، ہلاکتوں، ہجومی تشدد، اقلیتوں کے گھروں کے انہدام، جبری گمشدگیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کو دھمکانے، ہراساں کرنے اور انہیں ناجائز و طویل قید میں ڈالنے کے واقعات کی نشاندہی کی ہے۔ 

ان ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کے باعث لوگوں کے، ناجائز طور پر بے گھر ہو جانے، فرقہ وارانہ تشدد اور سرکاری اداروں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیے جانے کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں۔

جبری گمشدگیوں کے خلاف اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی جانب سے ہندوستان کو سنہ 1980 اور 12 مئی 2023 کے درمیان پیش آنے والے جن واقعات پر کارروائی کے لیے کہا گیا تھا ان میں سے 445 پر نہ تو کوئی پیش رفت ہوئی اور نہ ہی متاثرین کو تلاش کیا جا سکا ہے۔

ماہرین نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ماہرین 2017 سے ہندوستان کا دورہ نہیں کر سکے ہیں۔ دوروں کے لیے 15 درخواستیں زیرالتوا ہیں جن پر حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

ٹیگس