Mar ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ایک اور شہر کا مسلم نام تبدیل،

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع احمد نگر کے نام کی تبدیلی کو ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں اورنگ آباد و عثمان آباد کے ناموں کی تبدیلی کو قانونی شکل دینے کے بعد اب ریاستی حکومت ایک اور تاریخی شہر احمد نگر کا نام بدلنے کی تیاری کر رہی ہے۔ آج بدھ کو مہاراشٹر کی کابینہ کے اجلاس میں احمد نگر کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا گیا۔

شندے حکومت کی کابینہ کے فیصلے میں ضلع احمد نگر کا نام بدل کر اب "اہِیلیا نگر  Ahilyanagar" رکھنے کا اعلان کیا گيا ہے۔ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے علاوہ نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کے ساتھ دیگر وزرا بھی موجود تھے۔ اب ضلع احمد نگر "اہِیلیا دیوی نگر" کے نام سے جانا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے ممبئی کے آٹھ لوکل ریلوے اسٹیشنوں کے ناموں کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ریلوے اسٹیشنوں کے ناموں کے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ انگریزوں کے زمانے کے رکھے ہوئے نام ہیں۔

اس سے پہلے ریاستی حکومت نے "اورنگ آباد" کا نام "سمبھاجی نگر" اور "عثمان آباد" کا نام "دھاراشیو" رکھا تھا۔

واضح رہے کہ احمد نگر کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ یہ نظام شاہی سلاطین کا دار الحکومت بھی رہا ہے۔ اس شہر کی بنیاد نظام شاہی خاندان کے پہلے سلطان احمد نظام شاہ نے رکھی تھی۔ احمد نگر کو شہنشاہ شاہجہان نے 1637 میں مغلیہ سلطنت میں شامل کر لیا تھا۔

اس ضلع کا نام اب جس خاتون، اہِیلیا دیوی، کے نام پر رکھا جائے گا وہ اٹھارہویں صدی کی مراٹھا "مہارانی اہیلیابائی ہالکر" تھیں۔ وہ احمد نگر ضلع کے ہی ایک گاؤں میں پیدا ہوئی تھیں۔

 

ٹیگس