Mar ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۲:۰۰ Asia/Tehran
  • فلسطین کی حمایت میں اتحاد امت پر زور

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے مذہبی و سیاسی رہنماؤں نے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں جاری نسل کشی اور اس کے وحشیانہ جرائم کے مقابلے میں فلسطین کی مدد کرنے کے لئے وحدت اسلامی کی تقویت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے اور اسلامو فوبیا کے خلاف جدوجہد کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ میں ایران کے قونصل خانے میں مختلف علما و سیاسی حکام، تاجر برادری نیز نامہ نگاروں اور صحافیوں کی شرکت سے ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کی مذمت اور فلسطینی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے قونصلر جنرل نے فلسطین کی انسان دوستانہ امداد کے لئے اتحاد اسلامی اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سال کا ماہ مبارک رمضان، امت مسلمہ کے لئے نہایت دردناک اور افسوسناک ہے کیوں کہ غاصب صیہونی حکومت نے امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت سے اکتیس ہزار سے زائد فلسطینی عام شہریوں منجملہ عورتوں اور بچوں کا نہایت بے دردی و سفاکی سے قتل عام کیا اور غزہ کا مکمل محاصرہ کر کے اس علاقے کے عوام کو بھوک مری اور مختلف قسم کی بیماریوں سے دوچار کر دیا۔
اس پروگرام میں پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شیعہ و سنی علما و مذہبی و سیاسی شخصیات نے متحدہ طور پر نماز جماعت ادا کی اور افطار پارٹی میں شرکت کر کے اپنے مابین اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

ٹیگس