May ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات ، انتخابی مہم کا پانچواں دورآج شام ختم ، ووٹ بیس مئی کو ڈالے جائیں گے

ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی مہم کا پانچواں دور آج شام ختم ہو جائے گا جبکہ ووٹ بیس مئی پیر کے روز ڈالے جائیں گے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈیول کے مطابق پانچویں دور کی پولنگ میں شامل مراکز کے امیدوار آج شام تک اپنی انتخابی مہم ختم کردیں گے اور بیس مئی کو آٹھ ریاستوں کی انچاس سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

دوسری جانب جیسے جیسے لوک سبھا انتخابات آگے بڑھ رہے ہیں ویسے ویسے امیدواروں کے حملے بھی سخت ہوتے جا رہے ہیں۔

اس درمیان این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے وزیر اعظم مودی پر جمہوریت کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ آئین کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو مودی کے نظریات پر یقین نہیں رکھتے، وہ انہیں جیل بھیج دیتے ہیں۔

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی کہا کہ مودی بات کرتے ہیں کہ کانگریس نے ستر برسوں میں کیا کیا ہے، کانگریس نے جمہوریت اور آئین کو بچایا ہے۔ تبھی مودی وزیر اعظم بنے ہیں۔ لیکن مودی آئین کو نہیں چھو سکتے اور آئین کو نہیں بدل سکتے۔ اگر آئین میں تبدیلی کی کوشش کی گئی تو بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل کانگریس اور انڈیا اتحاد پر بڑا حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کانگریس آئی تو وہ رام مندر پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو بدل دے گی اور رام مندر پر بھی بلڈوزر چلوا دے گی۔ انہوں نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انڈیا اتحاد کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ٹیوشن لیں کہ کہاں بلڈوزر چلانا ہے اور کہاں نہیں۔

 

ٹیگس