ہندوستان میں عام انتخابات کے آخری مرحلے کی ووٹنگ
ہندوستان میں لوگ سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ میں آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی بھی آج انہی امیدواروں میں شامل ہیں کہ جن کی قسمت کا فیصلہ آج ہونا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: الیکشن کمیشن آف انڈیا کے جاری کردہ شیڈیول کے مطابق آج یکم جون کو لوک سبھا عام انتخابات کے آخری مرحلے کے لئے لوگ ووٹ ڈال رہے ہیں جس کے بعد ملک کی آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ستاون نشستوں کے لئے اراکین کا انتخاب ہو جائے گا۔ اس درمیان دس کروڑ سے زائد ووٹرس انتخابی دوڑ میں شامل نو سو چار امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
اس مرحلہ کی ووٹنگ کا عمل ختم ہوتے ہی گزشتہ تقریباً ڈھائی ماہ سے جاری انتخابی سرگرمیاں بھی ختم ہو جائیں گی اور سبھی کو چار جون کا انتظار رہے گا کہ جس دن الیکشن کمیشن نے انتخابات کے نتائج جارے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ووٹنگ کا عمل آج شام چھے بجے تک جاری رہے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آج ووٹرز جن معروف شخصیات کی قسمت کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں ان میں ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی بھی ہیں جو وارانسی حلقے سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ریاست ہماچل پردیش کی منڈی پارلیمانی سیٹ سے فلم اداکارہ کنگنا رناوت، ریاست بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد کی بیٹی میسا بھارتی وغیرہ شامل ہیں۔ آج ریاست پنجاب کی سبھی تیرہ نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اس لئے سب سے زیادہ یعنی تین سو اٹھائیس امیدوار ریاست پنجاب سے میدان میں ہیں۔ دوسرے نمبر پر اتر پردیش ہے کہ جہاں تیرہ لوک سبھا نشستوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے اور یہاں مجموعی طور پر ایک سو چوالیس امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ جبکہ سب سے کم یعنی انیس امیدوار چنڈی گڑھ میں ہیں کہ جہاں کی ایک ہی لوک سبھا سیٹ پر آج الیکشن ہونا ہے۔