Jun ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • نیٹ یو جی معاملے میں حکومت سے جواب طلب

ہندوستان کے سپریم کورٹ نے میڈیکل انڈر گریجویٹ کی تعلیم کے لئے پانچ مئی کو ہونے والے نیشنل ایلجبلیٹی کم اینٹرنس ٹیسٹ (نیٹ یو جی) کے سوالنامے کے مبینہ طور پر عام ہونے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر جمعہ کو مرکزی حکومت کو جواب جمع کرانے کے لئے نوٹس بھیج دیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق معاملے کی سماعت کرنے والے وکلا نے جانچ کرنے والی باڈی نیشنل ایگزامینیشن ایجنسی (این ٹی اے) کو درخواست گزار کے کہنے پر دو ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت آٹھ جولائی کو کرے۔
دوسری جانب ہندوستان کے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے جمعہ کو میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے منعقد کیے جانے والے نیشنل ایلجبلیٹی کم اینٹرنس ٹیسٹ (نیٹ یو جی) کے پیپر لیک ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے طلباء کو یقین دلایا کہ ان کی تمام پریشانیوں کو غیرجانبدارانہ اور مساوی طور پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امتحان میں کسی قسم کی دھاندلی، بدعنوانی یا پیپر لیک ہونے کا کوئی ٹھوس ثبوت ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔ اُدھر کانگریس نے میڈیکل داخلہ امتحان این ای ای ٹی کے معاملے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ سچ کو چھپانے کے لیے پورے معاملے پر لیپا پوتی کی جا رہی ہے لیکن سوال چوبیس لاکھ بچوں کے مستقبل کا ہے، اس لیے سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں کیس کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔

ٹیگس