ہندوستان میں شدید گرمی، درجنوں کی موت
ہندوستان میں گرمی کا قہر بدستور جاری ہے جو اب تک ملک بھر میں درجنوں افراد کی موت کا سبب بن چکا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں اور ریاستوں میں آسمان سے گویا آگ برس رہی ہے اور دہلی سمیت کئی مقامات پر درجہ حرارت پچاس کے قریب پہنچ گیا۔ دہلی میں محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں تک دہلی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا اورنج ایلرٹ جاری کیا ہے اور شہریوں کو شدید طور پر مانسون کی آمد کا انتظار ہے جو محمکہ موسمیات کے مطابق تیس جون سے پہلے آنے والا نہیں۔
ریاست اترپردیش سے اطلاعات ہیں کہ اب تک اس ریاست میں تینتیس افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اُدھر ریاست بہار سے اطلاعات ہیں کہ اس ریاست میں گرمی نے گزشتہ ایک سو اٹھائس برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گویا صبح دس بجے کے بعد سڑکوں پر کرفیو لگا دیا گیا ہو۔
شدید گرمی کی مار جھیل رہے علاقوں میں ڈاکٹرحضرات صبح دس بجے سے شام چار بجے تک گھر سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دے رہے ہیں تاہم پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے ملک کی ایک بڑی آبادی تنوری گرمی کے باجودگھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہے۔ ہندوستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل ملا کر ملک کے متعدد علاقوں میں اب تک سو سے زائد افراد گرمی کی نذر ہو چکے ہیں۔