Jul ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • بی جے پی رہنما‎‎ؤں کا راہل گاندھی پر بڑا حملہ

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی ہندو سماج کو پرتشدد اور جھوٹا کہنے کی مذمت کی اور کہا کہ مسٹر گاندھی کا انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے ان کا وقار اور سیاست کی سطح گر گئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک کے مرکزی وزراء اشونی وشنو، کرن رجیجو اور بی جے پی کے ترجمان ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے پارلیمنٹ کی لائبریری بلڈنگ میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کے وقار کو مجروح کیا ہے اور سیاست کو انتہائی نچلی سطح پر لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی نے پورے ہندو سماج کو پرتشدد اور جھوٹا قرار دیا ہے۔

اس سے قبل کانگریس لیڈران، سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم اور سشیل کمار شندے نے ہندوؤں کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔ مسٹر گاندھی نے پہلے بھی امریکی سفیر سے کہا تھا کہ ملک کو سب سے بڑا خطرہ ہندوتو سے ہے۔ آج لوک سبھا میں انہوں نے ہندو سماج کو متشدد اور جھوٹا قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ انتہائی ذمہ دارانہ عہدہ ہے۔

مسٹر اٹل بہاری واجپائی، لال کرشن اڈوانی اور محترمہ سشما سوراج جیسے لیڈروں نے اس ذمہ داری کو بڑی احتیاط سے نبھایا ہے۔ راہل گاندھی نے پہلی بار یہ عہدہ لیا ہے اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے۔

ٹیگس