Jul ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • ہیمنت سورین نے جیل سے باہر آتے ہی وزارت اعلی کا عہدہ سنبھال لیا

ہیمنت سورین نے عدالت سے ضمانت ملنے اور جیل سے باہر آنے کے بعد ایک بار پھر وزارت اعلی کا عہدہ سنبھال لیا ہے اور اعتماد کا ووٹ بھی حاصل کرلیا ہے۔

 

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ میں ہیمنت سورین کی قیادت والی مخلوط حکومت نے آج پیر کو اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے درمیان اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔

جھارکھنڈ اسمبلی میں موجود چھہتر ارکان میں سے پینتالیس نے حکومت کے حق میں ووٹ دیا ۔ اسمبلی کی موجودہ تعداد کے مطابق اکثریت کے لیے کم از کم انتالیس ووٹ درکار تھے۔

بی جے پی اور اے جے ایس یو ممبران اسمبلی نے ووٹنگ کے دوران ایوان سے بائیکاٹ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج صبح پیر کو تحریک اعتماد پیش کی۔ اس پر بحث کے بعد دوپہربارہ بجے ووٹنگ ہوئی۔ ہیمنت سورین نے اعتماد کے ووٹ پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے طور پر میرے ایوان میں واپس آنے سے اپوزیشن پریشان ہورہی ہے ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں یہ لوگ جس طرح برتاؤ کر رہے ہیں اس سے ان کی مایوسی ظاہر ہو گئی ہے۔

یادرہے کہ ای ڈی نے ہیمنت سورین کو اس سال اکتیس جنوری کو زمین کی خرید میں ایک مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیاتھا۔

ٹیگس